مہاراشٹر بی جے پی یونٹ کی اقلیتی ونگ کی صدر ثنا خان کے قتل کا انکشاف ہوا ہے۔ جو گزشتہ ایک ہفتے سے لاپتہ تھیں، ثنا خان کو اس کے شوہر امیت عرف پپو ساہو نے قتل کیا تھا۔ اس بات کا انکشاف مدھیہ پردیش کے جبل پور ضلع کی پولیس اور مہاراشٹر کے ناگپور ضلع کی پولیس نے ایک کیا ہے۔ ملزم پپو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ثنا کو قتل کرنے کے بعد شوہر نے اس کی نعش دریا میں پھینک دی۔ ثنا امیت سے ملنے ناگپور سے مدھیہ پردیش کے جبل پور گئی تھی۔ وہ دو دن میں وہاں سے واپس آنے والی تھی لیکن واپس نہیں آئی۔ جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی اور پھر تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اس بار جب ثنا امیت سے ملنے یہاں آئی تو اس کی اپنے شوہر سے لڑائی ہوگئی۔ لڑائی کی وجہ پیسہ تھا۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ امیت ناگپور-جبل پور ہائی وے پر ایک ڈھابہ چلاتا ہے۔ اس ڈھابے میں وہ شراب بھی اسمگل کرتا تھا جس پر اس کے خلاف مقدمات بھی درج تھے۔پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران امیت نے پولیس کو بتایا کہ اس نے پہلے گھر میں ثناء کی پٹائی کی اور پھر اسے قتل کردیا۔ اور نعش کو چھپانے کے لیے وہ اسے جبل پور سے 45 کلومیٹر دور لے گیا، جہاں اس نے نعش دریا میں پھینک دی۔اس پورے واقعے کو انجام دینے کے لیے امیت نے ایک شخص کی مدد بھی لی تھی۔ پولیس اس شخص کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس قتل کے اس پورے واقعے کے کرائم سین کو دوبارہ بنانے جا رہی ہے تاکہ مزید ثبوت اکٹھے کرسکیں۔ فی الحال دریا اور اس کے قریبی علاقوں میں مقتولہ کی نعش کو تلاش کرنے کے لیے تلاشی مہم جاری ہے۔