- آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسو سی ایشن ( آئیٹا) اساتذہ کی ایک ملک گیر تنظیم ہے، جس کا اپنا ایک پالیسی پروگرام و دستور ہے جس کی روشنی میں اساتذہ کی تربیت، مسائل اور تعلیمی حکمت عملیاں ترتیب دی جاتی ہیں۔ اتوار 22 اگست 2021 ممبئی میں آئیٹا کے قومی، ریاستی و ضلعی ذمہ داران کی ایک میٹ کا انعقاد عمل میں آیا، جس کی صدارت محترم عبدالرحیم شیخ صاحب (کل ہند صدر آئیٹا) نےفرمائی، آپ نے اپنے صدارتی خطبے میں مہاراشٹر آئیٹا کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کے پالیسی پروگرام کی روشنی میں سب سے پہلے مہاراشٹر آئیٹا نے اپنا پالیسی پروگرام ترتیب دیا اور آج اس کی رونمائی ہورہی ہے۔ آپ نے اپنے خطاب میں مرکزی پالیسی پروگرام کی ترتیب اور اسے ایک کتابچہ کی شکل میں لوگوں کے سامنے پیش کرنے کے مراحل پر تفصیلی روشنی ڈالی اور تمام ذمہ داران و ممبران سے اس پر کاربند رہنے کی تلقین کی۔ نائب صدر آئیٹا مہاراشٹر، محترم ریاض الخالق صاحب نے موجودہ میقات کی اب تک کی ضلعی کارکردگیوں کا اجمالی جائزہ پیش کیا۔ مختلف پروگرام، تعلیمی بیداری مہم “تعلیم ہماری ہر حال میں جاری” کی کامیابی پر آپ نے تمام ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ریاستی سیکریٹری، محترم عتیق شیخ صاحب نے اظہار خیال کرتے، مختلف علاقوں میں آئیٹا یونٹ کے قیام کی شرائط اور لوازمات پر سختی سے پابندی کرنے کی تلقین کی۔ ضلعی صدور کو بالخصوص خطاب کرتے ہوئے آپ نے ہر تعلقہ میں آئیٹا یونٹ کے قیام پر زور دیا۔ اس کے علاوہ آپ نے پالیسی پروگرام کے مختلف نقاط پر ذمہ داران کی رہنمائی کی۔ اس موقع پر محترم سید شریف صاحب (صدر آئیٹا مہاراشٹر) نے حاضرین سے اپنے خطاب میں کہا کہ آئیڈیل ایسوسی ایشن اس بات کا تقاضہ کرتی ہے کہ اس کے ذمہ دران بھی آئیڈیل کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ نیز انھوں اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا اساتذہ کے مقام و مرتبہ کو دوبارہ سماج میں بحال کرنا AIITA مہارشٹر کے چار سالہ پروگرام میں ترجیحی بنیادیں پر شامل کیا گیا ہے، اور اسی نسبت سے ریاست کی مختلف یونٹس کے ذریعے اساتذہ اور طلبہ کے لیے منعقد کیے گئے مختلف پروگراموں کی بھی آپ نے پذیرائی کی۔ اس موقع پر موصوف نے تمام ماہرین تعلیم، پرنسپل حضرات ، ٹرسٹیان اور تعلیمی تنظیموں کے ذمہ دران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پالیسی و پروگرام کے بنانے میں اپنے مفید مشوروں آراء سے نوازا۔