Home उर्दू انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسو سی ایشن (آئیٹا) مہاراشٹرکے زیر انصرام منعقدہ مشن...

انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسو سی ایشن (آئیٹا) مہاراشٹرکے زیر انصرام منعقدہ مشن ٹی ای ٹی 2021 کامیابی سے ہمکنارآل آل

547

 

 

یوٹیوب پر اردو میڈیم کے اساتذہ کے لیے ٹی ای ٹی لیکچر سیریز کو ایک لاکھ سے بھی زائد مرتبہ دیکھا گیا۔

“آن لائن تعلیم کے نقائص کے باوجود اردو میڈیم سے وابستہ مستقبل کے اساتذہ کے ذریعے ایک لاکھ سے بھی زیادہ مرتبہ ان لیکچرس کو دیکھا جانا اپنے آپ میں ایک تاریخی کامیابی ہے جس کے لیے بالخصوص آئیٹا کے ذمہ داران ، ریسورس پرسنس ، اور بالعموم اردو والے مبارکباد کے مستحق ہیں۔” آئیٹا کے جلسہ اعزاز میں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے مدیر انقلاب شاہد لطیف صاحب نے اس موقع پر آئیٹا کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے آئیٹا کو ایک وسیع النظراور فکری تنظیم بتایا۔ آپ نے ریاست مہاراشٹر کے اردو میڈیم کے طلبہ اساتذہ کے لیے ٹی ای ٹی کی رہنمائی پروگرام پر مبارکباد پیش کی۔ آپ نے اساتذہ کو بالخصوص خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کو ایک بڑے کارِ خیر پر معمور کیا گیا ہے اور یہ بات اساتذہ اگر یاد رکھیں تو وہ سماج کے لیے نفع بخش ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر نظام تعلیم کی خرابیوں کی بناء پر زبان و ادب کی تدریس کے متاثر ہونے پر آپ نے تشویش ظاہر کی اور زور دیا کہ ہمیں اس پر غور کرنا چاہیے اور زبان و بیان کے معاملے میں ایک استاد کو اپنے شاگردوں سے ایک نہیں بلکہ دس ہاتھ آگے ہونا چاہیے۔ ہمارے طلبہ میں سماجی شعور، ریاضی، ٹیکنالوجی میں مہارت اور دوسری قوموں سے سبقت لے جانے کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی انتہائی ضرورت ہے۔ طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں استاد کے کردار پر آپ نے سیر حاصل گفتگو کی۔مزید آئیٹا کو تعلیمی اداروں میں فکر کی ترویج کا اہم کام انجام دینے والی تنظیم قرا ردیا۔
22 اگست 2021 سے دو مرحلوں میں آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسو سی ایشن (آئیٹا) کی جانب سے ریاست مہاراشٹر کے اردو میڈیم کے مستقبل کے اساتذہ کے لیے مختلف مضامین کے رہنمایانہ لیکچرس کا انعقاد کیا گیا۔ گذشتہ دنوں ان سیشنس میں بحیثیت مضمون ایکسپرٹ اپنی خدمات انجام دینے والے افراد کو ای سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا اور ان کی پذیرائی کی گئی۔ پروگرام کا آغاز یافئی احمد صاحب (نائب صدر آئیٹا لاتور) کی تلاوت اور تذکیر سے ہوا۔ محمد عتیق شیخ صاحب (سیکریٹری آئیٹا مہاراشٹر) نے افتتاحی کلمات میں مشن ٹی ای ٹی کی منصوبہ بندی اور انعقاد پر روشنی ڈالی۔ مشن ٹی ای ٹی کے کنوینر اقبال احمد انصاری صاحب (صدر آئیٹا پاتھری یونٹ) نے اس پورے مشن کی عمدہ تجزیاتی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ الحمد للہ ،مشن ٹی ای ٹی سے ریاست مہاراشٹر کے تمام 36 اضلاع سے شرکاء نے استفادہ کیا۔ یوٹیوب پر موجود ویڈیوز کو دیکھنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے بھی تجاوز کرگئی اور آئیٹا کے سبسکرائیبرس کی تعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ اس موقع پر تمام ریسورس پرسنس جنھوں نے رہنمائی فرمائی ان کے ای-سرٹیفکیٹس بھی ظاہر کیے جو انھیں بذریعہ ای میل اور واٹس اپ دیے جائیں گے۔
مختار احمد صاحب (قومی نائب صدر، آئیٹا) نے ریاست مہاراشٹر کی تعلیمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مسلمانوں میں اعلیٰ تعلیم کی کم ہوتی ہوئی شرح پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کی وجوہات کو تلاش کرکے انھیں دور کرنے کے اقدامات کی تلقین کی۔ آپ نےمستقبل کے اساتذہ کو اسکول کی چار دیواری میں دی گئی ذمہ داریوں سے اوپر اٹھ کر سماج میں انقلاب اور طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کی جانب متحرک کرنے کی ترغیب دی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سید شریف صاحب (ریاستی صدر آئیٹا) نے اس مشن کی کامیابی پر تمام ذمہ داران اور رفقاء کو مبارکباد پیش کی اور ٹیسٹ لینے کے بعدتیسرے فیز میں مخصوص مضامین کی تدریس کی پیش کش کی۔ صدارتی خطبہ دیتے ہوئے عبدالرحیم شیخ صاحب (قومی صدر آئیٹا) نے تمام اساتذہ کو اس مشن سے ہمیشہ جڑے رہنے اور ملت کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی کے لیے بھی کام کرتے رہنے کی تلقین کی۔ آپ نے اسے صرف ٹی ای ٹی کے بجائے مشن تعلیم سے منسوب کیا ۔ آپ نے آئیٹا مہاراشٹر کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ بنانا اور اسے کامیابی سے ہمکنار کرنا دو الگ چیزیں ہیں لیکن آئیٹا مہاراشٹر نے اسے بخوبی پورا کیا۔ مشن تعلیم اور آئیٹا کے حوالے سے آپ نے صالح معاشرہ کے لیے اساتذہ برادری کو تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نعیم خان صاحب (رکن مشاورتی کونسل مہاراشٹر آئیٹا) نے شکریہ کا فریضہ انجام دیا۔پروگرام کی نظامت فہیم احمد مومن صاحب نے انجام دی۔